quran-hadith-and-life-of-holy-prophet-quiz-program

پروگرام کے مطابق مسابقۂ حفظ قرآن وحفظ حدیث وتقاریر عربی آج بتاریخ 20 جمادی الاولیٰ 1444‫ھ مطابق 15 دسمبر 2022ء بروز جمعرات صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوا، معہد کے سیکنڈری ہال میں پر وقار اسٹیج سجاکر بڑے تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ درجۂ ثانیہ معہد کے طالب علم عامر نے خوبصورت آواز میں حدر میں تلاوت کی، تلاوت کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت درجہ سادسہ کے طالبعلم اظہار اللہ نے حاصل کی۔

اس کے بعد مسابقہ حفظ قرآن کا دور شروع ہوا۔ یہ مسابقہ درس نظامی کے حافظ طلبہ کے مابین ہوا۔ کل آٹھ طلبہ نے حصہ لیا۔ 3 اساتذہ نے منصفین کا کردار ادا کیا، جن کے نمبرات کے ذریعے اول، دوم اور سوم پوزیشن کا فیصلہ ہوا۔

دوسرا مسابقہ حفظِ حدیث کا ہوا، اس میں 15 طلبہ نے شرکت کی، ان طلبہ سے ان کے نصاب کے مطابق منتخب احادیث سے سوالات مختلف انداز سے کیے گئے۔ طلبہ کی تیاری ماشاء اللہ بہت اچھی تھی جس کی وجہ سے وہ جواب دینے میں کامیاب ہوئے اور قیمتی انعامات کے مستحق ٹھہرے۔

تیسرا مسابقہ عربی تقاریر کا ہوا جو کہ سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر تھا۔ اس مرحلہ میں 13 طلبہ نے شرکت کی جن کا تعلق الصف الاعدادی اور درجۂ اولیٰ سے لے کر تخصص تک تھا۔ ماشاء اللہ طلبہ نے بہترین انداز میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور سامعین داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

اس کے بعد پروگرام ”سیرت کوئز“ ہوا جس میں پورے مجمع سے سیرت کے موضوع پر معلوماتی سوالات کیے گئے۔ صحیح جواب دینے پر نقد انعام سے نوازا گیا۔

مسابقہ حفظ قرآن میں اول آنے والے طالبعلم کو 8000 روپے، دوم کو 6000 روپے، اور سوم کو 3000 روپے دیے گئے۔ مسابقۂ حفظ حدیث میں اول کو 5000، دوم کو 4000 اور سوم کو 3000 روپے انعام میں دیے گئے۔ اور مسابقہ تقاریر عربی میں اول کو 3000، دوم کو 2000 اور سوم کو 1500 انعام میں دیے گئے۔ تمام شرکاء کو شرکاء کو بھی نقد انعام سے نوازا گیا۔

مسابقات کے بعد مفتی حمزہ عبد الرزاق صاحب مد ظلہم کا بیان ہوا۔ انہوں نے وقت کے چیلنج کو سامنے رکھتے ہوئے طلبہ کو محنت کرنے کی ترغیب دی۔ اس کے بعد حضرت مولانا منظور یوسف (مدیر جامعہ علی، کراچی) مد ظلہم نے دعوت کے اصول وآداب پر ایمان افروز خطاب کیا۔

پروگرام دو نشستوں پر مشتمل رہا، درمیان میں پندرہ منٹ وقفہ رہا۔ پورے پروگرام میں طلبہ نے مکمل نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اور معہد میں منعقدہ اس منفرد محفل سے آخر تک استفادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ اس طرح پروگرام آئندہ بھی منعقد کرنے اور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

بیانات کے بعد ششماہی امتحان 1444ھ کے نتائج کا اعلان ہوا، سب سے پہلے ناظرہ قرآن مجید میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ پھر درسِ نظامی کے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ ہر درجہ میں اول آنے والے طالب علم کو ایک جوڑا کپڑا، ایک ہزار روپے نقد، سند انعام اور قیمتی کتابیں دی گئیں۔ دوم آنے والے طالب علم کو ایک جوڑا کپڑا، 700 روپے، سند انعام اور قیمتی کتابیں دی گئیں۔ پورے درسِ نظامی کی سطح پر پوزیشن لینے والے طلبہ کو بھی قیمتی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ تقسیم انعامات کے بعد حضرت مدیر صاحب حفظہ اللہ کے اختتامی کلمات اور دعا کےساتھ اس پر رونق محفل کا اختتام ہوا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے